بالاکوٹ میں مہران گاڑی گہری کھائی میں جاگری،3 افراد جاں بحق،5 زخمی
ڈمگلہ میں تیز رفتار گاڑی بےقابو ہونے سے افسوسناک حادثہ،ریسکیو نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا
بالاکوٹ کے علاقے ڈمگلہ میں تیز رفتار مہران گاڑی گہری کھائی میں جاگری، حادثے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔
بالاکوٹ کے علاقہ ڈمگلہ کے مقام پر افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار مہران گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں زیشان پرویز ولد محمد پرویز، زوجہ زیشان اور افنان ولد زیشان شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی اور امدادی کارروائی کا آغاز کیا۔ تینوں جاں بحق افراد کے جسد خاکی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کے ذریعے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بالاکوٹ منتقل کر دیے گئے۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں زوجہ قمر، علی ولد زیشان اور 3 بچے شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے تمام زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد انہیں مزید طبی علاج کے لیے ریسکیو 1122 اور پرائیویٹ ایمبولینسز کے ذریعے کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ گاڑی کی بریک فیل ہونے یا ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہونے کے باعث پیش آیا۔