پیپلز پارٹی اور ن لیگ پرانی ہوچکیں،صرف فارم 47 کے سہارے ہیں،حافظ نعیم
لاہور جلسے سے خطاب میں کہا عوام کےساتھ کھڑا نہ ہونے والا سیاست میں نہیں رہےگا
لاہور کے وحدت روڈ پر جلسے سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن خطاب کر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ جیسی پارٹیاں پرانی ہوچکی ہیں، یہ صرف فارم 47 کے سہارے کھڑی ہیں اور جلد عوام کے آگے بہہ جائیں گی۔
لاہور کے وحدت روڈ پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت نے جلسے کے راستے بند کرنے کی کوشش کی اور ہمیں جلسے کے انتظامات نہیں کرنے دیے گئے، تاہم کارکنوں نے حکومت کے سارے انتظامات ختم کرکے جلسہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مارچ کو ہم نے صرف روکا ہے، ختم نہیں کیا، حکومت اپنے ہتھکنڈوں سے باز آجائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ جیسی پارٹیاں پرانی ہوچکی ہیں اور صرف فارم 47 کے سہارے پر ہیں، یہ عوام کے آگے بہہ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ابھی اپنے پورے ایجنڈے کے نکات بھی سامنے نہیں رکھے، ابھی تو لیوی بھتہ کے خاتمے کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب جسے پاکستان میں سیاست کرنی ہے، اسے عوام کی خدمت کی سیاست کرنا ہوگی، اب جو عوام کے ساتھ نہیں کھڑا ہوگا وہ نہیں رہے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ حکمران اپنی عیاشیاں اور جہاز نہیں چھوڑ سکتے، ان کا ایک ایک بیرون ملک دورہ عوام کو کروڑوں میں پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ مافیا، پٹرول مافیا اور دیگر مافیا جو عوام کے سروں پر مسلط ہیں، یہ نہیں بچیں گے۔