وزیراعظم سے ملاقات میں ریلیف نہ ملا تو لانگ مارچ شروع کریں گے، حافظ نعیم الرحمان

حکومت فسطائیت سے باز رہے، پٹرولیم لیوی جگا ٹیکس ہے، جماعت اسلامی کا دوٹوک مؤقف۔

September 25, 2026 · قومی
وزیراعظم سے ملاقات میں ریلیف نہ ملا تو لانگ مارچ شروع کریں گے، حافظ نعیم الرحمان

وزیراعظم سے ملاقات میں ریلیف نہ ملا تو لانگ مارچ شروع کریں گے، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو کڑے الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں عوامی مطالبات پر ریلیف نہ ملا تو ملک بھر میں دوبارہ لانگ مارچ شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اپنی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹی اور لانگ مارچ کو ختم نہیں بلکہ صرف ایک وقفہ دیا گیا ہے۔

لاہور میں کارکنوں کے اجتماع اور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت فسطائیت اور عوام پر دباؤ ڈالنے کے ہتھکنڈوں سے باز آجائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم راستے کھولنا جانتے ہیں اور اگر خواتین، بچوں سمیت پوری قوم سڑکوں پر نکل آئی تو حکمرانوں کے بس میں کچھ نہیں رہے گا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے رابطہ کر کے انہیں مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی جسے انہوں نے مسترد کر دیا۔

امیر جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا کہ حکومتی اور اپوزیشن جماعتیں عوامی مسائل پر بات کرنے کی سکت نہیں رکھتیں کیونکہ پٹرولیم، ریفائنریز، چینی اور آئی پی پیز جیسے تمام مافیاز انہی جماعتوں کے اندر موجود ہیں۔ دستخطی مہم کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ مطالبات کے حق میں کم از کم 2 کروڑ افراد کے دستخط حاصل کیے جائیں گے جبکہ احتجاجی کیمپ، ریلیاں اور جلسے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

دریں اثنا، پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں جلسے کی اجازت نہ دینے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے درخواست وصول نہ کرنے کے باوجود جماعت اسلامی نے اپنے شیڈول کے مطابق جلسہ منعقد کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ جماعت کے ترجمان کے مطابق پولیس نے اسٹیج، کنٹینر اور کرسیاں اٹھانے کی کوشش کی، تاہم تمام رکاوٹوں کے باوجود احتجاجی جلسہ ہر صورت کیا جائے گا۔