دُکی میں تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ، گارڈ شہید، 12 مزدور اغوا
حملہ آوروں نے کمپنی کی چار گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی اور فرار ہوتے وقت 12 مزدوروں کو اغوا کرلیا۔ مغوی مزدوروں میں سے 10 کا تعلق پنجاب سے بتایا گیا ہے۔
دُکی میں تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ، گارڈ شہید، 12 مزدور اغوا( فوٹو سوشل میڈیا ایکس)
بلوچستان کے ضلع دُکی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی گارڈ ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا، جبکہ حملہ آور 12 مزدوروں کو اپنے ساتھ لے گئے۔
دُکی پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات پلڑی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں 30 سے زائد مسلح افراد نے سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی کے کیمپ کو نشانہ بنایا۔ حملے کے دوران سکیورٹی پر مامور ایک گارڈ جان سے گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں نے کمپنی کی چار گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی اور فرار ہوتے وقت 12 مزدوروں کو اغوا کرلیا۔ مغوی مزدوروں میں سے 10 کا تعلق پنجاب سے بتایا گیا ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ مغوی مزدوروں کی تلاش اور حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ تعمیراتی کمپنی ایک بڑے منصوبے پر کام کر رہی ہے، تاہم حکام نے کمپنی کے سکیورٹی انتظامات کو ناکافی قرار دیا ہے۔
دُکی میں اس سے قبل بھی تعمیراتی اور کان کنی سے وابستہ تنصیبات اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ دستیاب ریکارڈ کے مطابق رواں سال ضلع میں تعمیراتی کمپنی کی مشینری کو بھی حملہ آوروں نے نقصان پہنچایا تھا۔