ایمان مزاری کو ویڈیو لنک پر پیش نہ کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو شوکاز جاری

سماعت کے دوران اڈیالہ جیل حکام دونوں ملزمان کے وکالت نامے پر دستخط کراکے عدالت کو فراہم نہیں کرسکے

September 26, 2026 · قومی
ایمان مزاری کو ویڈیو لنک پر پیش نہ کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو شوکاز جاری( فائل فوٹو)

ایمان مزاری کو ویڈیو لنک پر پیش نہ کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو شوکاز جاری( فائل فوٹو)

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی کو عدالتی حکم کے باوجود ویڈیو لنک کے ذریعے پیش نہ کرنے اور وکالت نامے فراہم نہ کیے جانے پر اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے ایمان مزاری اور ہادی علی کی جانب سے ضمانت کی درخواستیں دائر کرنے کے لیے وکالت نامے فراہم نہ کیے جانے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران اڈیالہ جیل حکام دونوں ملزمان کے وکالت نامے پر دستخط کراکے عدالت کو فراہم نہیں کرسکے، جبکہ جیل انتظامیہ کی جانب سے کوئی نمائندہ بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ دوسری جانب شیریں مزاری اور دیگر وکلا عدالت میں موجود تھے۔

عدالت کے سابقہ حکم کے باوجود ایمان مزاری اور ہادی علی کو ویڈیو لنک کے ذریعے بھی پیش نہیں کیا گیا۔ جیل حکام کی جانب سے اس کی وجہ انٹرنیٹ کا مسئلہ بتائی گئی۔

اس پر جج طاہر عباس سپرا نے جیل سپرنٹنڈنٹ سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ وضاحت کی جائے کہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرتے ہوئے چھ ماہ کی سزا کیوں نہ دی جائے۔

جج نے ریمارکس دیے کہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو عدالتوں کے احکامات نظر انداز نہیں کرنے چاہئیں اور نہ ہی معاملے کو اس انداز میں آگے بڑھانا چاہیے کہ مشکلات میں اضافہ ہو۔

عدالت کو بتایا گیا کہ اس سے قبل بھی جیل میں انٹرنیٹ کی خرابی کے باعث ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی میں مسئلہ پیش آیا تھا۔ جج نے کہا کہ اس معاملے میں پہلے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی اور بعد میں متعلقہ ادارے کو ماہرین جیل بھیجنے کی ہدایت کی گئی تھی، جبکہ ہری پور سے بھی ماہرین بھیجنے کا حکم دیا گیا تھا۔

جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ وکالت نامہ فراہم ہونا زیرحراست شخص کا بنیادی حق ہے اور اس معاملے میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔

بعد ازاں عدالت نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی۔