پی ٹی آئی لانگ مارچ ڈیوٹی پر تعینات پولیس کانسٹیبل نہر میں ڈوب گیا

اٹک،غازی بروتھا کینال پر پانی لیتے ہوئے کانسٹیبل زین پاؤں پھسلنے سےنہر میں جا گرے،تلاش جاری

September 26, 2026 · قومی
پی ٹی آئی لانگ مارچ ڈیوٹی پر تعینات پولیس کانسٹیبل نہر میں ڈوب گیا( فوٹو سوشل میڈیا فیس بک)

پی ٹی آئی لانگ مارچ ڈیوٹی پر تعینات پولیس کانسٹیبل نہر میں ڈوب گیا( فوٹو سوشل میڈیا فیس بک)

تحریک انصاف کے احتجاج اور لانگ مارچ کے سلسلے میں ضلع اٹک میں غازی بروتھا کینال پر اسپیشل ڈیوٹی پر مامور پنجاب پولیس کا کانسٹیبل زین پانی لیتے ہوئے نہر میں گر کر ڈوب گیا، جس کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ حضرو کی حدود میں غازی بروتھا کینال پر سکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے والے کانسٹیبل زین کینال کے کوٹکے نامی مقام پر پانی لینے گئے تھے۔ اس دوران تیز رفتاری اور بدحواسی کے باعث پاؤں پھسلنے سے وہ نہر میں جا گرے اور تیز موجوں میں بہہ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور نہر میں ڈوبنے والے کانسٹیبل زین کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا، تاہم آخری اطلاعات تک ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

ذرائع کے مطابق نہر میں ڈوبنے والے کانسٹیبل زین کا تعلق ضلع منڈی بہاؤالدین کی تحصیل ملکوال سے ہے۔ انہیں 27 ستمبر کے احتجاج کے پیش نظر اٹک اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر حساس ترین پوائنٹ پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اسپیشل ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا تھا۔

کانسٹیبل زین کے ناگہانی حادثے میں ڈوبنے کی خبر سے ساتھی اہلکاروں میں غم و غصے اور تشویش کی لہر دوڑ گئی۔