اٹک پل پر تعینات پولیس اہلکاروں کو ناقص کھانا ملنے کا انکشاف
فراہم کیے جانے والے چنوں سے بدبو آرہی ہے جبکہ روٹی بھی مناسب حالت میں فراہم نہیں کی جارہی۔اہلکار کا دعویٰ
اٹک پل پر تعینات پولیس اہلکاروں کو ناقص کھانا ملنے کی شکایت ( فوٹو سوشل میڈیا ایکس)
اٹک: پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر اٹک پل کے قریب تعینات پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو مبینہ طور پر غیر معیاری کھانا فراہم کیے جانے کی شکایت سامنے آگئی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں ایک پولیس اہلکار مبینہ طور پر انتظامات پر اعتراض کرتے ہوئے نظر آتا ہے۔ اہلکار کا دعویٰ ہے کہ فراہم کیے جانے والے چنوں سے بدبو آرہی ہے جبکہ روٹی بھی مناسب حالت میں فراہم نہیں کی جارہی۔
ویڈیو میں پولیس اہلکار نے پینے کے صاف پانی اور واش روم کی سہولت دستیاب نہ ہونے کی بھی شکایت کی۔ اہلکار کے مطابق ڈیوٹی پر موجود جوانوں کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
افسوسناک صورتحال، اٹک پل کے قریب تحریک انصاف کے احتجاج سے نمٹنے کے لئیے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو غیر معیاری کھانا دئیے جانے کا انکشاف
" چنوں سے Smell آرہی ہے نہ روٹی ٹھیک سے دے رہے ہیں نا پانی ہے نا واشروم کی جگہ"
پولیس اہلکار پھٹ پڑا pic.twitter.com/e9BBU52Oui— Faisal Abbas Khar (@FaisalAbbasKhar) September 26, 2026
اٹک پل اور حسن ابدال کے اطراف احتجاج کے پیش نظر پولیس کی بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے۔ یہ علاقے خیبر پختونخوا سے آنے والے مظاہرین کی نقل و حرکت روکنے کے لیے اہم مقامات میں شمار کیے جارہے ہیں۔
پولیس اہلکار کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ان شکایات پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔