ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چوکی سے بمبار نے بارود بھری گاڑی ٹکرا دی،12شہید
درازندہ امن میلہ کے قریب دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں
ڈیرہ اسماعیل خان میں دھماکے کے بعد کے مناطر
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں درازندہ کے علاقے امن میلہ کے قریب ہفتے کو دھماکے سے 12افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی امن میلہ چیک پوسٹ سے ٹکرا دی۔ جاں بحق ہونے والوں میں عام شہری بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جس چوکی پر حملہ کیا گیا وہ انسدادِ اسمگلنگ کیلئے قائم کی گئی تھی اور اینٹی اسمگلنگ چیک پوسٹ پر یہ حملہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر یعنی اسمگلرز کے گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت ہے۔
شہداء میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور ایک 2 سالہ بچہ شامل ہیں۔ دھماکے میں پولیس اہلکاروں، کسٹمز حکام اور عام شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث شہداء کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
واقعے کے بعد زخیموں کو لے جانے والی ایمبولینس پر بھی دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مزید دو افراد شہید ہوگئے۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں میں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دہشت گردی سے لاتعلقی اور بے حسی پر شدید غصہ اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی خان امن میلہ کے قریب دھماکہ، 11 افراد جاں بحق، 20 زخمی ہوگئے
پوسٹ مکمل تباہ، ریسکیو آپریشن جاری https://t.co/mJNVEWj6L2 pic.twitter.com/1neG2osSLG
— Kamran Ali (@akamran111) September 26, 2026
حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی درازندہ سٹیشن کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر محمد عارف خان کی ہدایت پر ڈیرہ اسماعیل خان سے مزید 4 ایمبولینسز اور عملہ بھی جائے وقوعہ روانہ کیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق اب تک 30 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ 11 افراد کی لاشیں بھی جائے وقوعہ سے نکال لی گئی ہیں۔ ایک زخمی بعد مین دم توڑ گیا۔