درازندہ دھماکا، شہید کسٹمز اور ریسکیو اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا
سول و عسکری حکام، پولیس، سکیورٹی فورسز، کسٹمز اور ریسکیو 1122 کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
درازندہ دھماکا، شہید کسٹمز اور ریسکیو اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا
ڈیرہ اسماعیل خان: درازندہ امن میلہ جوائنٹ چیک پوسٹ پر ہونے والے دھماکے میں شہید کسٹمز اہلکاروں اور ریسکیو 1122 کے اہلکار کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔
شہید کسٹمز حوالدار فرمان، سپاہی اسامہ اور ریسکیو 1122 کے اہلکار شریف اللہ کی نماز جنازہ اعجاز شہید پولیس لائنز میں ادا کی گئی، جس میں سول و عسکری حکام، پولیس، سکیورٹی فورسز، کسٹمز اور ریسکیو 1122 کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
نماز جنازہ میں کمشنر ڈیرہ ڈویژن داور خان، اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر سلمان عادل شاہ، آر پی او غلام مبشر میکن اور ڈی پی او ضیاء الدین احمد سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کے دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، جبکہ افسران اور اہلکاروں نے پھول چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
ڈی آئی جی ڈیرہ اسماعیل خان نے کہا کہ امن و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔