کراچی میں فائرنگ، بوٹ بیسن تھانے کا پولیس اہلکار شہید
زخمی اہلکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج اسے خون کی 6 بوتلیں بھی لگائی گئیں، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
کراچی میں فائرنگ، بوٹ بیسن تھانے کا پولیس اہلکار شہید
کراچی: کلفٹن بلاک ون میں شیریں جناح کالونی کے ہندو پاڑا کے قریب فائرنگ کے واقعے میں بوٹ بیسن تھانے کا 26 سالہ پولیس اہلکار وہاب خٹک شہید ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر منشیات فروش کو گرفتار کرنے کی کارروائی کے دوران پیش آیا۔ شہید اہلکار سادہ لباس میں مخبر کے ہمراہ مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق اہلکار نے اس کا تعاقب کیا تو گلی سے فائرنگ کردی گئی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ سے اہلکار کے کندھے پر گولی لگی جو اندرونی راستے سے دل کی جانب چلی گئی۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج اسے خون کی 6 بوتلیں بھی لگائی گئیں، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
ایدھی رضاکاروں نے شہید پولیس اہلکار کی میت جناح اسپتال منتقل کی۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، جبکہ کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے محفوظ کرلیے۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں وہاب خٹک کو سادہ لباس میں موٹر سائیکل پر سوار دکھایا گیا ہے۔ فوٹیج کے مطابق ایک موٹر سائیکل سوار ان کے قریب آکر رکتا ہے، جسے اہلکار پکڑنے کی کوشش کرتا ہے۔ مشتبہ شخص کے فرار ہونے پر اہلکار اس کا تعاقب کرتا ہے، جبکہ اس دوران فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیتی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق شہید اہلکار وہاب خٹک کی چند روز بعد شادی ہونا تھی۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار اور آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی پولیس چیف اور ڈی آئی جی ساؤتھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ حکام نے شہید اہلکار کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔