حکومت اور احتجاج کرنے والے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں،سعد رفیق

موجودہ صورتحال میں کسی ایک فریق کی فتح نہیں ہوگی بلکہ کشیدگی کا نقصان سب کو اٹھانا پڑے گا

September 27, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے حکومت اور احتجاج کرنے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی اختلافات ختم کرکے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت اور احتجاج کرنے والے فریقین کو انا، ضد اور گروہی اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے سے بات چیت جاری رکھنی چاہیے۔ ان کے مطابق اگر مسائل حل کرنے کی نیت موجود ہو تو راستہ ضرور نکالا جا سکتا ہے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں کسی ایک فریق کی فتح نہیں ہوگی بلکہ کشیدگی کا نقصان سب کو اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہل ریاست کی جانب سے ہونی چاہیے تاکہ جانی اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ایک دوسرے کی عزت نفس مجروح کرنا کسی مسئلے کا حل نہیں۔ ان کے مطابق ملک کو مہنگائی، بے روزگاری، ناانصافی اور دہشت گردی جیسے مسائل کا سامنا ہے، اس لیے سیاسی کشیدگی کے بجائے ان مسائل کے حل پر توجہ دی جانی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی شدید مشکلات سے دوچار ہے اور اسے سیاسی بحث، الزامات اور باہمی محاذ آرائی سے زیادہ اپنے مسائل کے حل کی ضرورت ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے خبردار کیا کہ بروقت مسائل حل نہ کیے جائیں تو معمولی اختلافات بھی وقت کے ساتھ سنگین شکل اختیار کرسکتے ہیں اور پھر ان کے اثرات کا خمیازہ طویل عرصے تک بھگتنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ فیصلے مستقبل کی تاریخ کا حصہ بنیں گے۔