کوہاٹ پولیس لائنز دھماکے کی سی ٹی ڈی تحقیقات جاری
حملہ آور بارود سے بھری گاڑی اور رکشے کے ذریعے پولیس لائنز تک پہنچے تھے۔
کوہاٹ پولیس لائنز دھماکے کی سی ٹی ڈی تحقیقات جاری
کوہاٹ: 18 ستمبر کو پرانی پولیس لائنز میں ہونے والے خودکش دھماکے کی تحقیقات محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی ٹیم کی جانب سے جاری ہیں، جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق حملہ آور بارود سے بھری گاڑی اور رکشے کے ذریعے پولیس لائنز تک پہنچے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار رکشے میں سوار تھا، جبکہ دو دیگر دہشت گرد موٹرسائیکل پر پولیس لائنز تک پہنچے۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق حملہ آوروں کے پاس آئی ای ڈیز، دستی بم اور بھاری ہتھیار موجود تھے۔ حملے سے قبل پولیس لائنز کی متعدد مرتبہ نگرانی اور ریکی کیے جانے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق واقعے میں مبینہ طور پر معاونت کرنے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔ ان میں حملہ آوروں کو رہائش فراہم کرنے اور پولیس لائنز تک رسائی میں مدد دینے والے افراد شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متعلق حاصل ہونے والے بعض اہم شواہد مزید تجزیے کے لیے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہیں۔