لاہور میں غیر ملکی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی، مقدمہ درج
پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
لاہور میں غیر ملکی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی، مقدمہ درج
لاہور: ڈیفنس کے علاقے میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور ذیشان رضا کے مطابق واقعے میں مبینہ طور پر ملوث افراد کی شناخت کرلی گئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی چند روز قبل لاہور پہنچی تھی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دو نامعلوم لڑکیاں اسے مبینہ طور پر ایک کیفے لے گئیں، جہاں ان کے تین ساتھی بھی موجود تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ الزام ہے کہ لڑکی کو نشہ آور چیز پلانے کے بعد اسے مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور بعد ازاں ملزمان اسے ایئرپورٹ کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد اور شناخت کیے گئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔