ملک بھرمیں مختلف حادثات سے 2 معصوم بچیوں سمیت3افراد جاں بحق

افسوسناک واقعات، ٹریفک حادثے اور کھلے گٹر میں گرنے سے اموات، پولیس مصروف تفتیش

September 28, 2026 · قومی
کراچی اور ڈیرہ مراد جمالی میں پیش آنے والے حادثات کے مقامات کی نمائندہ تصویر

کراچی اور ڈیرہ مراد جمالی میں پیش آنے والے حادثات کے مقامات کی نمائندہ تصویر

 

کراچی کے علاقے کلفٹن اور ڈیرہ مراد جمالی میں پیش آنے والے الگ الگ حادثات میں 2 بچیوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

کراچی کے علاقے کلفٹن بینظیر پارک کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 25 سالہ راہگیر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس حکام کے مطابق حادثے کا ذمے دار ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا جبکہ جاں بحق ہونے والے شخص کے پاس سے کوئی ایسی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے فرار ہونے والی کار کی شناخت کی جارہی ہے، جبکہ لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کرنے کے بعد قانونی کارروائی اور شناختِ ورثا کے لیے سردخانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں بھی ایک اور افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں گٹر میں گرنے سے ایک ہی خاندان کی 2 بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق ایریگیشن کالونی کی رہائشی 5 سالہ اور 3 سالہ بچیاں اپنے گھر کے باہر کھیل رہی تھیں کہ اچانک کھلے گٹر میں جا گئیں۔ مقامی افراد اور پولیس نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے لاشیں باہر نکالیں۔