لاہور میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کامعاملہ،ایک مرکزی ملزم گرفتار

اہم پیش رفت، متاثرہ لڑکی کا میڈیکل اور بیان مکمل، مفرور ملزمان کی تلاش جاری۔

September 28, 2026 · قومی
لاہور کینٹ کچہری کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور کینٹ کچہری کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات

 

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے کیس میں پولیس نے بڑی پیش رفت کرتے ہوئے ایک مرکزی ملزم محسن کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق آذربائیجان کی باکو کی رہائشی 20 سالہ ڈیانا کا ابتدائی میڈیکل کروا لیا گیا ہے، جس کی رپورٹ میں جنسی زیادتی کی تصدیق سامنے آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق متاثرہ غیر ملکی خاتون کو پیر کے روز سخت سیکیورٹی میں لاہور کی کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ محمد صغیر کے روبرو پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے قانون کے مطابق دفعہ 164 کے تحت خاتون کا بیان قلمبند کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کا بیان ایک گھنٹے سے زائد وقت تک ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اسے سخت سیکیورٹی میں خفیہ راستے سے احاطہ عدالت سے باہر منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس مقدمے میں نامزد دیگر 2 مرکزی ملزمان احمد تنویر اور زین تحال مفرور ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ متاثرہ غیر ملکی خاتون اس سے قبل بھی پاکستان آ چکی ہے اور اس کی ٹریول ہسٹری کے ساتھ ساتھ دیگر پہلوؤں پر بھی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں سہولت کاری کے شبے میں چند افراد کو بھی حراست میں لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔