سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے ریڈ لائن ہے،طاہر اشرفی
سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاکستانی عوام ہر ممکن قربانی دینے کے عزم پر قائم ہیں
سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے ریڈ لائن ہے،طاہر اشرفی
مدینہ منورہ: پاکستان علماء کونسل کے سربراہ مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس کے دفاع کے حوالے سے پاکستانی قوم اور قیادت کا عزم واضح ہے۔
مدینہ منورہ کی اسلامی یونیورسٹی میں فکری گمراہی اور انتہاپسندی کے تدارک کے لیے عالمی کوششوں سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاکستانی عوام ہر ممکن قربانی دینے کے عزم پر قائم ہیں۔ ان کے بقول سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کا مؤقف واضح اور غیر متزلزل ہے۔
مولانا طاہر اشرفی نے یمنی حوثی گروپ کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم کی سرگرمیوں کا اسلام کی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس گروپ کو امت مسلمہ کے مخالف عناصر کی پشت پناہی حاصل ہے۔
پاکستان علماء کونسل کے سربراہ نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی برقرار رہے گی۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فکری گمراہی، انتہاپسندی اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے اور اس مقصد کے لیے بین الاقوامی سطح پر مؤثر اقدامات کیے جائیں۔