مری،سکول وین سڑک سے نیچے گر گئی، ڈرائیور سمیت10 بچے جھلس گئے
زخمی بچوں کو مزید طبی امداد کے لیے سول ہسپتال مری منتقل کردیا گیا، جبکہ فائر فائٹنگ ٹیم نے گاڑی میں لگی آگ پر قابو پالیا
مری،سکول وین سڑک سے نیچے گر گئی، ڈرائیور سمیت10 بچے جھلس گئے (فوٹو سوشل میڈیا فیس بک(
مری کے علاقے مسیاڑی لوئر موہڑا بڑا ہوتر کے قریب سکول کے بچوں کو لے جانے والی سوزوکی بولان حادثے کا شکار ہوگئی۔ گاڑی بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے جا گری، جس کے فوراً بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق وین میں سرکاری اور نجی سکولوں کے بچے سوار تھے۔ حادثے میں ڈرائیور سمیت 10 افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو گاڑی سے باہر نکالا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
زخمی بچوں کو مزید طبی امداد کے لیے سول ہسپتال مری منتقل کردیا گیا، جبکہ فائر فائٹنگ ٹیم نے گاڑی میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق بیشتر بچوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر مری بھی سول ہسپتال پہنچے اور زخمی بچوں کی عیادت کی۔ حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔