پنجاب،دفعہ 144 کے تحت ڈرون پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری
ہالز اور مارکیز میں ہونے والی تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرون محدود پیمانے پر استعمال کیے جاسکیں گے۔نوٹیفکیشن
پنجاب،دفعہ 144 کے تحت ڈرون پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری(فائل فوٹو)
پنجاب حکومت نے سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں کھلے مقامات پر ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے اس حوالے سے دفعہ 144 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہالز اور مارکیز میں ہونے والی تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرون محدود پیمانے پر استعمال کیے جاسکیں گے۔ اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری متعلقہ منتظمین پر ہوگی۔
انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی سرگرمیوں کے لیے ڈرون استعمال کرنے کی صورت میں ضلعی سطح پر قائم سیف ڈرون یوزیج کمیٹی سے تحریری اجازت لینا ضروری ہوگا۔
محکمہ داخلہ نے ڈرون کے محفوظ استعمال کی اجازت دینے کے لیے ضلعی سطح پر سیف ڈرون یوزیج کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ کمیٹی کی تحریری منظوری حاصل کرنے والے ڈرون استعمال کنندگان پابندی کے دائرے سے مستثنیٰ ہوں گے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے یہ پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 کی متعلقہ شق کے تحت عائد کی ہے۔ صوبے بھر میں انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔