پنجاب کے مزید 8 اضلاع میں نومبر تک کیتھ لیبز قائم ہوں گی،مریم نواز

پنجاب کے 6 اضلاع میں فعال کیتھ لیبز کے ذریعے اب تک ہزاروں مریضوں کے دل کے مختلف طبی طریقۂ علاج کیے جاچکے ہیں

September 29, 2026 · قومی
پنجاب کے مزید 8 اضلاع میں نومبر تک کیتھ لیبز قائم ہوں گی،مریم نواز

پنجاب کے مزید 8 اضلاع میں نومبر تک کیتھ لیبز قائم ہوں گی،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کے مزید 8 اضلاع میں نومبر تک دل کے مریضوں کے لیے کیتھ لیبز قائم کی جائیں گی، جبکہ مرحلہ وار مزید اضلاع میں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ پنجاب میں ضلعی سطح پر کیتھ لیبز کے قیام کا منصوبہ پہلے ہی جاری ہے۔

عالمی یومِ قلب کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے دل کے امراض سے بچاؤ کے لیے احتیاط، متوازن خوراک اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کی خدمات کو بھی سراہا۔

وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب کے 6 اضلاع میں فعال کیتھ لیبز کے ذریعے اب تک ہزاروں مریضوں کے دل کے مختلف طبی طریقۂ علاج کیے جاچکے ہیں۔ ان مراکز میں انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی جیسی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں جدید کارڈیالوجی مراکز قائم کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، تاکہ دل کے مریضوں کو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے دل کے ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دل کے مریضوں کے لیے مفت علاج، اسٹنٹ اور بائی پاس کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتالوں کے ذریعے بلڈ پریشر اور شوگر کی مفت جانچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو جنک فوڈ اور سگریٹ نوشی سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے اسکولوں میں دل کی صحت اور جسمانی سرگرمیوں سے متعلق آگاہی پروگرام شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔

مریم نواز نے خواتین میں دل کے امراض سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم کی ضرورت پر بھی زور دیا۔