مری اسکول وین حادثہ، جھلسنے والے بچوں کو ہولی فیملی منتقل کردیا گیا
وین میں سرکاری اور نجی اسکولوں کے بچے سوار تھے۔ حادثے میں ڈرائیور سمیت 10 افراد زخمی ہوئے
مری اسکول وین حادثہ، جھلسنے والے بچوں کو ہولی فیملی منتقل کردیا گیا
مری کے علاقے مسیاڑی لوئر موہڑا بڑا ہوتر کے قریب اسکول کے بچوں کو لے جانے والی سوزوکی بولان بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے جاگری، جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق وین میں سرکاری اور نجی اسکولوں کے بچے سوار تھے۔ حادثے میں ڈرائیور سمیت 10 افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو گاڑی سے نکالا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
زخمی بچوں کو سول ہسپتال مری منتقل کیا گیا، جہاں سے پانچ جھلسنے والے بچوں کو مزید علاج کے لیے راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ہولی فیملی ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اعجاز بٹ کے مطابق دو بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ان میں سے ایک بچہ 80 فیصد جبکہ دوسرا 70 فیصد سے زائد جھلسا ہوا ہے، دونوں کو آپریشن تھیٹر میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ندیم ناصر نے ہولی فیملی ہسپتال پہنچ کر زخمی بچوں کی عیادت کی اور ان کے والدین سے ملاقات کی۔ ہسپتال انتظامیہ نے انہیں بچوں کی حالت اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ زخمی بچوں کو علاج کی تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے والدین و عزیز و اقارب کی ضروریات کا بھی خیال رکھا جائے۔
حادثے کے بعد گاڑی میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔