آئین نہ ماننے والوں سے بات نہیں ہوگی،فیصل کریم
پی ٹی آئی اس وقت اسلام آباد جانے کی پوزیشن میں نہیں اور جب عملی طور پر مارچ کا وقت آئے گا تو صورتحال واضح ہوجائے گی۔
آئین نہ ماننے والوں سے بات نہیں ہوگی،فیصل کریم
پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین کو تسلیم نہ کرنے والوں سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی، ملک اور صوبے میں امن کا قیام سب سے اہم ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت اسلام آباد جانے کی پوزیشن میں نہیں اور جب عملی طور پر مارچ کا وقت آئے گا تو صورتحال واضح ہوجائے گی۔
گورنر خیبر پختونخوا نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے رہنما میڈیا پر بیانات دے رہے ہیں، جبکہ بعض افراد گرفتاریوں کی صورت میں خود کو محفوظ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی حمایت کے حوالے سے بھی پی ٹی آئی کے دعووں کا عملی مظاہرہ سامنے آنا باقی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ترجیح ہونی چاہیے۔
گورنر نے مزید کہا کہ پاکستان کے آئین میں گورنر راج کے نفاذ کی گنجائش موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں صوبائی حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو۔