تحریک انصاف کا4اکتوبر کولانگ مارچ کاحتمی فیصلہ،اپوزیشن وفد کی نیئر بخاری سے ملاقات

سیاسی رابطے تیز، اے پی سی میں شرکت کی دعوت، مارچ کی تیاریاں جاری رہیں گی

September 29, 2026 · اہم خبریں
تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن وفد کی ملاقات اور لانگ مارچ کی تیاریوں کا منظر

تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن وفد کی ملاقات اور لانگ مارچ کی تیاریوں کا منظر

 

اسلام آباد اور پشاور میں اہم سیاسی پیش رفت کے دوران اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ایک وفد نے پیپلز پارٹی کے سیکرٹریٹ میں نیئر بخاری سے ملاقات کی اور انہیں آئندہ کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ جمہوریت کی بہتری کے لیے تجاویز پیپلز پارٹی کے سامنے رکھ دی گئی ہیں اور انہیں امید ہے کہ اس حوالے سے مثبت جواب موصول ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمارا لانگ مارچ طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگا اور سہیل آفریدی ہی ہمارے وزیراعلیٰ برقرار رہیں گے۔

دوسری جانب پشاور میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، وزرا اور مشیروں نے آن لائن اور زوم کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں 4 اکتوبر کو لانگ مارچ کے انعقاد اور اس کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بعض ارکان اسمبلی کی جانب سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی گئی جسے وزیراعلیٰ نے سختی سے مسترد کر دیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم کوئی جنگ لڑنے یا اسلام آباد فتح کرنے نہیں جا رہے، ہمارا لانگ مارچ مکمل طور پر پرامن ہوگا۔ انہوں نے شرائط و ضوابط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم پرامن طریقے سے پشاور سے روانہ ہوں گے۔ اس موقع پر صوبائی صدر جنید اکبر نے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو ارکان اسمبلی یا پارٹی قائدین 4 اکتوبر کو ملک میں موجود نہیں ہوں گے، ان کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہوگا اور وہ اپنی الگ جماعت بنانے کے مجاز ہوں گے۔