کراچی صرافہ بازار سے چاندی کی ڈکیتی میں ملوث ملزم گرفتار،اسلحہ اور مسروقہ زیورات برآمد
گرفتار ملزم کے دیگر 2 ساتھیوں کی تلاش جاری، مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع
فائل فوٹو
کراچی: ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے 3 روز قبل صرافہ بازار میں ڈکیتی کرنے والے ملزم سعید احمد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ اور چاندی برآمد کرلی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے 25 ستمبر کو کھارادر کے علاقے صرافہ بازار میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ چاندی کی ڈکیتی کی تھی۔
گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ 31 اگست کو کھارادر کاغذی بازار میں کپڑے کے تھان کی ڈکیتی میں بھی ملوث ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان اسلحہ کے زور پر تقریباً 6 کلو چاندی لے کر فرار ہوگئے تھے۔ گرفتار ملزم کو انٹیلیجنس بیسڈ معلومات اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کھارادر، کلری اور نیو ٹاؤن کے علاقوں میں ڈکیتی کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے دیگر 2 ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔