’ڈگری کی تصدیق ہوگئی‘، احسن بھون کا صفدر کو 5 ارب ہرجانے کا نوٹس
ایل ایل بی ڈگری کی پنجاب یونیورسٹی سے تصدیق،سات روز میں غیر مشروط معافی کا مطالبہ
سینئر وکیل رہنما احسن بھون اور کیپٹن (ر) صفدر کی تصاویر۔
سینئر وکیل رہنما احسن بھون نے کیپٹن (ر) صفدر کو 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی ڈگری بالکل اصل ہے، سات دن کے اندر معافی مانگی جائے، ورنہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
احسن بھون نے ہرجانے کا نوٹس لاہور میں کیپٹن (ر) صفدر کو بھجوایا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ احسن بھون نے مارچ 1989 میں پنجاب یونیورسٹی سے بیچلر آف لاز (LL.B.) کی ڈگری رول نمبر 828 کے تحت حاصل کی اور یہ ڈگری باقاعدہ طور پر ان کے پاس موجود ہے۔
نوٹس کے مطابق احسن بھون کی تعلیمی قابلیت کی حال ہی میں پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے باضابطہ تصدیق کی گئی۔ یہ تصدیق پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں ان کی امیدواری کے سلسلے میں دیگر تمام امیدواروں کے ساتھ مقررہ پالیسی کے تحت کی گئی۔
متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بار کونسل کی جانب سے موصولہ مراسلے کی روشنی میں پنجاب یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات نے متعلقہ سرکاری ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد واضح طور پر ان کی تعلیمی اسناد کو تصدیق شدہ قرار دیا۔
نوٹس کے مطابق اہم بات یہ ہے کہ یہ تصدیق 21 جنوری 2026 کو کی گئی، جس سے احسن بھون کی اسی ادارے، یعنی پنجاب یونیورسٹی، جہاں سے انہوں نے قانون کی ڈگری حاصل کی، سے ڈگری کی تصدیق ہوتی ہے۔
متن میں مزید کہا گیا ہے کہ احسن بھون کے کلاس اور بیچ کے ساتھیوں میں ایسے افراد شامل ہیں جو اس وقت جج ہیں یا سابق جج رہ چکے ہیں، جبکہ بعض سینئر وکلا بھی ان کے ساتھی رہے ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی احسن بھون کی ایل ایل بی ڈگری کو تصدیق شدہ قرار دے چکی ہے۔ کیپٹن (ر) صفدر سے سات روز میں غیر مشروط معافی مانگنے اور الزامات واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق معافی نہ مانگنے کی صورت میں کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف سول اور فوجداری قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔