یونان کا قدیم ایکروپولس میوزیم 19 سال بعد دوبارہ کھل گیا
میوزیم میں اب وہ قیمتی نوادرات بھی نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں جو طویل عرصے سے محفوظ گوداموں میں رکھے ہوئے تھے۔
یونان کا قدیم ایکروپولس میوزیم 19 سال بعد دوبارہ کھل گیا
انیسویں صدی کے اواخر میں تعمیر ہونے والا یہ میوزیم مشہور پار تھینون مندر سے چند میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اسے 2007 میں بند کردیا گیا تھا، جس کے بعد یہاں موجود اہم نوادرات کو 2009 میں قائم کیے گئے نئے ایکروپولس میوزیم منتقل کردیا گیا تھا۔
پیر کے روز دوبارہ کھلنے والے پرانے میوزیم میں اب وہ قیمتی نوادرات بھی نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں جو طویل عرصے سے محفوظ گوداموں میں رکھے ہوئے تھے۔
یونانی وزیراعظم کیریاکوس متسوتاکس نے میوزیم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کہا کہ پار تھینون کے تاریخی مجسموں کی واپسی اور دوبارہ یکجا کرنا یونان کا اہم اور ناقابلِ سمجھوتہ قومی مقصد ہے۔
یونان کا مؤقف ہے کہ یہ مجسمے 1802 میں ایک برطانوی سفارت کار لارڈ ایلگن لے گیا تھا۔ برطانیہ میں انہیں عموماً ایلگن ماربلز کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یونان کئی دہائیوں سے ان مجسموں کی واپسی کا مطالبہ کرتا آرہا ہے۔
یونانی وزیراعظم اس سے قبل بھی اشارہ دے چکے ہیں کہ یورپی یونین کے ساتھ برطانیہ کے تعلقات کی تجدید سے متعلق مذاکرات میں مجسموں کی واپسی کا معاملہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
یونان کی وزیر ثقافت لینا مینڈونی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدیم ایکروپولس میوزیم کے دوبارہ کھلنے سے ایتھنز کے تاریخی مقام کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہورہا ہے۔