کوئٹہ سے کراچی جانے والی بسوں سے 61 باز برآمد
بازوں کو کوئٹہ سے کراچی منتقل کیا جا رہا تھا اور انہیں مبینہ طور پر خفیہ طریقے سے بسوں میں لے جایا جا رہا تھا۔
کوئٹہ سے کراچی جانے والی بسوں سے 61 باز برآمد(فوٹو سوشل میڈیا فیس بک)
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں پاکستان کوسٹ گارڈز نے کارروائی کرتے ہوئے 61 نایاب اور قیمتی شکاری باز تحویل میں لے لیے۔
محکمہ جنگلی حیات کے اسسٹنٹ کنزرویٹر حاصل بلوچ کے مطابق کوسٹ گارڈز نے اوتھل چیک پوسٹ پر کارروائی کے دوران دو مسافر بسوں سے یہ پرندے برآمد کیے۔ بازوں کو کوئٹہ سے کراچی منتقل کیا جا رہا تھا اور انہیں مبینہ طور پر خفیہ طریقے سے بسوں میں لے جایا جا رہا تھا۔
حکام کے مطابق کارروائی کے بعد تمام باز محکمہ جنگلی حیات کے حوالے کر دیے گئے۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے پر 61وں پرندوں کو ان کے قدرتی ماحول میں آزاد کردیا گیا۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق نایاب شکاری پرندوں، خصوصاً بازوں، کی خلیجی ممالک میں خاصی مانگ ہے۔ انہیں تربیت دے کر شکار کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ بلوچستان میں سردیوں کے دوران تلور کے شکار کے لیے آنے والے بعض افراد بھی تربیت یافتہ شکاری پرندوں کا استعمال کرتے ہیں۔
حکام کے مطابق اسی طلب کے باعث نایاب شکاری پرندوں کی غیر قانونی نقل و حمل اور اسمگلنگ کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔