راولپنڈی، بااثر افراد کاخواتین اور بزرگوں پر تشدد،پولیس خاموش تماشائی بن گئی
معاملہ ایک اوورسیز خاندان اور سابق سرکاری افسر کے درمیان مکان خالی کرانے کے تنازع سے متعلق ہے
راولپنڈی، بااثر افراد کاخواتین اور بزرگوں پر تشدد،پولیس خاموش تماشائی بن گئی(فوٹو سوشل میڈیا)
راولپنڈی کے علاقے واہ کینٹ میں ایک گھر خالی کرانے کے تنازع پر خواتین اور بزرگوں پر مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، جبکہ واقعے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے دوران خواتین پولیس سے مدد طلب کرتی رہیں۔ سامنے آنے والی ویڈیوز میں پولیس اہلکاروں کو بعض افراد کے ہمراہ متاثرہ خاندان کے گھر میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کے مطابق معاملہ ایک اوورسیز خاندان اور سابق سرکاری افسر کے درمیان مکان خالی کرانے کے تنازع سے متعلق ہے۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ انہوں نے تقریباً دو سال قبل ایک سرکاری افسر کو مکان کرائے پر دیا تھا، تاہم ایک سالہ معاہدہ ختم ہونے کے باوجود کرایہ دار نے مکان خالی نہیں کیا اور مبینہ طور پر کرایہ بھی ادا نہیں کیا۔
متاثرہ خاندان کے سربراہ صفدر علی نے اپنے ویڈیو بیان میں الزام عائد کیا کہ کرایہ دار متعدد افراد کے ہمراہ گھر میں داخل ہوا، خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گھر میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ خاندان نے پولیس پر بااثر افراد کا ساتھ دینے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ تھانہ واہ کینٹ کے علم میں آچکا ہے اور متاثرہ فریق کی درخواست بھی موصول ہوگئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں فریقین کو طلب کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔