میڈیا آزاد ہے، ہم پر تنقید یا تعریف کریں،چیف جسٹس

چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر سمیت عدالت عالیہ کے دیگر ججز نے شرکت کی اور میڈیا سینٹر کا افتتاح کیا۔

September 30, 2026 · قومی
میڈیا آزاد ہے، ہم پر تنقید یا تعریف کریں،چیف جسٹس( فائل فوٹو)

میڈیا آزاد ہے، ہم پر تنقید یا تعریف کریں،چیف جسٹس( فائل فوٹو)

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے کہا ہے کہ میڈیا آزاد ہے، وہ عدلیہ پر تنقید کرے یا تعریف، اسے اپنی رائے کے اظہار کا حق حاصل ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سینٹر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر سمیت عدالت عالیہ کے دیگر ججز نے شرکت کی اور میڈیا سینٹر کا افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے میڈیا سے وابستہ افراد کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہائیکورٹ میڈیا سینٹر کا قیام آزاد میڈیا کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی عدلیہ کے بارے میں تنقید یا تعریف، اپنی آزادانہ رائے کے مطابق کرسکتے ہیں۔

تقریب میں جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس راجا انعام امین منہاس کے علاوہ پراسیکیوٹر جنرل منظور احمد ججہ اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ بھی موجود تھے۔

رجسٹرار یار محمد ولانہ، ایڈیشنل رجسٹرار نور محمد مرزا، ڈپٹی رجسٹرار، ہائیکورٹ بار کے صدر واجد گیلانی اور جنرل سیکریٹری بیرسٹر قاسم نواز عباسی سمیت دیگر وکلا اور متعلقہ افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن سے وابستہ کورٹ رپورٹرز اور دیگر قانون سے متعلق افسران بھی میڈیا سینٹر کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔