پاکستان میں 5G ڈاؤن لوڈ رفتار 127.74 ایم بی پی ایس ریکارڈ

فائیو جی کی قومی اوسط ڈاؤن لوڈ رفتار فور جی کے مقابلے میں تقریباً 6.8 گنا زیادہ رہی۔ فائیو جی کی اوسط اپ لوڈ رفتار 12.7 ایم بی پی ایس ریکارڈ کی گئی۔

September 30, 2026 · قومی
پاکستان میں 5G ڈاؤن لوڈ رفتار 127.74 ایم بی پی ایس ریکارڈ

پاکستان میں 5G ڈاؤن لوڈ رفتار 127.74 ایم بی پی ایس ریکارڈ

پاکستان میں فائیو جی نیٹ ورک کی اوسط ڈاؤن لوڈ رفتار 127.74 ایم بی پی ایس ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور اوپن سگنل کی جانب سے موبائل نیٹ ورک کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی۔

رپورٹ میں 2026 کی دوسری سہ ماہی کے دوران ملک کے 20 شہروں میں موبائل نیٹ ورک کے صارف تجربے اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران فور جی اور فائیو جی ٹیکنالوجی کی کارکردگی کا تقابلی جائزہ بھی شامل تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق فائیو جی کی قومی اوسط ڈاؤن لوڈ رفتار فور جی کے مقابلے میں تقریباً 6.8 گنا زیادہ رہی۔ فائیو جی کی اوسط اپ لوڈ رفتار 12.7 ایم بی پی ایس ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے لیے 90 دن کے حقیقی صارفین کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، جس میں ویڈیو اسٹریمنگ، کالز، ویب براوزنگ اور دیگر موبائل نیٹ ورک سرگرمیوں کے دوران صارفین کے تجربے کو مدنظر رکھا گیا۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق فائیو جی پر صارفین کے نیٹ ورک استعمال کا وقت 3.95 فیصد جبکہ فور جی پر یہ شرح 93.67 فیصد رہی۔ فائیو جی کا ویڈیو تجربہ اسکور 100 میں سے 67.33 اور موبائل گیمنگ تجربہ اسکور 62.05 ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ فائیو جی کے موجودہ نتائج ابتدائی نوعیت کے ہیں اور انہیں ملک بھر میں نیٹ ورک کی حتمی کارکردگی کا نمائندہ نہیں سمجھا جاسکتا۔ اس کی وجہ فائیو جی کی محدود کوریج، ابتدائی مرحلے میں تعیناتی اور کم صارف تعداد ہے۔

دوسری جانب فور جی کی قومی اوسط ڈاؤن لوڈ رفتار 18.9 ایم بی پی ایس ریکارڈ ہوئی، جبکہ اعلیٰ درجے کے موبائل فونز پر فور جی کی اوسط ڈاؤن لوڈ رفتار 31.3 ایم بی پی ایس رہی۔

رپورٹ کے مطابق فور جی کی قومی اوسط اپ لوڈ رفتار 5.32 ایم بی پی ایس ریکارڈ کی گئی، جبکہ مختلف شہروں میں ڈاؤن لوڈ، اپ لوڈ، ویڈیو اور گیمنگ تجربے کے اعداد و شمار میں بھی فرق سامنے آیا۔