ایئرپورٹس پر روانگی سے پہلے دستاویزات کی جانچ شروع

لاہور سمیت ملک بھر کے بین الاقوامی ایئرپورٹس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے کے پاسپورٹ، پروٹیکٹر اور امیگریشن سے متعلق عملے کو متحرک کردیا گیا

September 30, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو ایئرپورٹ پر آف لوڈ ہونے اور مالی نقصان سے بچانے کے لیے روانگی سے قبل ہی سفری دستاویزات اور ویزا کی جانچ کا عمل شروع کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق لاہور سمیت ملک بھر کے بین الاقوامی ایئرپورٹس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے کے پاسپورٹ، پروٹیکٹر اور امیگریشن سے متعلق عملے کو متحرک کردیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق روزانہ متعدد مسافروں کو نامکمل دستاویزات، ویزا سے متعلق مسائل یا امیگریشن کے سوالات کے تسلی بخش جواب نہ دینے پر سفر سے روک دیا جاتا ہے۔ اس صورتحال میں مسافروں کی ٹکٹیں ضائع ہونے کے ساتھ انہیں مالی نقصان بھی اٹھانا پڑتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون ملک روزگار فراہم کرنے والے اداروں کی درخواست پر اب مسافروں کی روانگی سے پہلے ہی سفری دستاویزات اور ویزا کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے، تاکہ ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد مسافر ایئرپورٹ پہنچیں۔

حکام کے مطابق کم عمر افراد کے عمرے کے سفر کے دوران بعض افراد کے بھیک مانگنے یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ بعض مسافروں کی جانب سے زیارت یا سیاحت کا مقصد ظاہر کرکے غیر قانونی طور پر دوسرے ممالک منتقل ہونے کی کوششوں کی بھی نشاندہی ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کچھ افراد آذربائیجان، بحرین اور دیگر ممالک پہنچنے کے بعد لاپتا ہوئے یا غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کے دوران گرفتار ہوکر ڈی پورٹ کیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ روانگی سے قبل دستاویزات کی جانچ کا مقصد غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ساتھ مسافروں کو ایئرپورٹ پر آف لوڈ ہونے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصان سے بچانا ہے۔