مریم نواز نے 10 روزہ بسنت کی منظوری دے دی

لاہور میں 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک بسنت کی تقریبات منعقد کی جائیں گی

September 30, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور میں نئے سال 2027 کے موقع پر 10 روزہ بسنت منانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بسنت کے حوالے سے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

منظوری کے مطابق لاہور میں 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک بسنت کی تقریبات منعقد کی جائیں گی، تاہم 5 فروری کو یومِ کشمیر کی مناسبت سے بسنت کی تقریبات ایک روز کے لیے معطل رہیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ بسنت کے دوران شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے گزشتہ سال کے مقابلے میں مزید مؤثر انتظامات کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بسنت پنجاب کی ثقافتی روایات اور لاہور کی تاریخی شناخت سے جڑی ہوئی ہے، اس لیے اس موقع پر ایسے انتظامات کیے جائیں جن سے شہری محفوظ ماحول میں تقریبات سے لطف اندوز ہوسکیں۔

وزیراعلیٰ نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کریں اور بسنت کے دوران حفاظتی ضوابط پر عمل کریں۔

یاد رہے کہ طویل تعطل کے بعد رواں سال فروری میں لاہور میں بسنت کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا۔