4 اکتوبر مارچ کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کنٹینر تیار

حیات آباد ٹول پلازہ انڈر پاس منصوبہ 1.6 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا

September 30, 2026 · قومی

فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 4 اکتوبر کے مارچ کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا کنٹینر تیار کرلیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی حیات آباد ٹول پلازہ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے، جہاں وہ 4 اکتوبر کے مارچ کے لیے تیار کیے گئے کنٹینر میں پہنچے۔

ان کے کنٹینر میں صوبائی وزیر مینا خان اور شفیع جان سمیت دیگر وزرا بھی وزیراعلیٰ کے ساتھ موجود تھے۔ پی ٹی آئی کے مطابق مذکورہ کنٹینر 4 اکتوبر کو اسلام آباد جانے کے لیے بنایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا 1.6 ارب روپے کی لاگت سے 90 روز میں مکمل ہونے والے حیات آباد ٹول پلازہ انڈر پاس کا افتتاح کرنے پہنچے۔ منصوبے کی مجموعی لمبائی 500 میٹر ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کے لیے چندہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی جمعے کو پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ میں چندہ اکٹھا کریں گے اور اس مقصد کے لیے شام 4 بجے صوبائی سیکریٹریٹ میں موجود ہوں گے۔