خانیوال کے نوجوان نے امریکی ادارے کو 126ملین ڈالرکا جھٹکا دیدیا

فہیم اکرم نے مبینہ طور پر LabelsBank.com کے نام سے ایک ویب سائٹ قائم کر رکھی تھی، جہاں جعلی امریکی پوسٹل ٹکٹ فروخت کیے جاتے تھے۔

October 1, 2026 · بام دنیا
خانیوال کے نوجوان نے امریکی ادارے کو 126ملین ڈالرکا جھٹکا دیدیا

خانیوال کے نوجوان نے امریکی ادارے کو 126ملین ڈالرکا جھٹکا دیدیا

خانیوال سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ پاکستانی نوجوان فہیم اکرم پر امریکی محکمہ ڈاک کو کروڑوں ڈالر کا نقصان پہنچانے کے الزام میں فردِ جرم عائد کردی گئی۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق فہیم اکرم نے مبینہ طور پر LabelsBank.com کے نام سے ایک ویب سائٹ قائم کر رکھی تھی، جہاں جعلی امریکی پوسٹل ٹکٹ فروخت کیے جاتے تھے۔

حکام کے مطابق ویب سائٹ پر ہر پارسل کے لیے صرف 2 ڈالر میں ڈاک ٹکٹ فراہم کیا جاتا تھا، جبکہ پارسل کے وزن اور سائز کے مطابق عام طور پر مختلف ڈاک خرچ لاگو ہوتا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 5 ہزار 200 سے زائد صارفین نے مذکورہ ویب سائٹ کے ذریعے 51 لاکھ سے زیادہ جعلی ڈاک ٹکٹ خریدے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ اس مبینہ فراڈ کے نتیجے میں امریکی محکمہ ڈاک کو 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سے زائد کا مالی نقصان ہوا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 38 ارب روپے بنتا ہے۔

امریکی ریاست فلوریڈا کی وفاقی عدالت میں 28 ستمبر کو اس معاملے سے متعلق کارروائی ہوئی، جس کے دوران ملزم کے خلاف امریکا کو دھوکا دینے، جعلی ڈاک ٹکٹ تیار کرنے اور وائر فراڈ سمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے۔

امریکی حکام کے مطابق ملزم اس وقت پاکستان میں موجود ہے اور اس کے خلاف اس کی غیر موجودگی میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔

کیس میں عائد الزامات عدالت میں ثابت ہونا ابھی باقی ہیں اور قانونی کارروائی مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔