اماراتی پرواز کا کوپائلٹ دہشت گرد تھا،ٹرمپ کا دعویٰ
نیتن یاہو نے بتایا کہ طیارے میں موجود ایک اسرائیلی پلمبر نے کوپائلٹ کو قابو کرنے میں مدد کی۔
اماراتی پرواز کا کوپائلٹ دہشت گرد تھا،ٹرمپ کا دعویٰ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دبئی سے اسرائیل جانے والی ایک پرواز میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ طیارے کا کوپائلٹ ممکنہ طور پر دہشت گرد تھا۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران پرواز کے واقعے پر بھی بات ہوئی۔ ان کے مطابق نیتن یاہو نے بتایا کہ طیارے میں موجود ایک اسرائیلی پلمبر نے کوپائلٹ کو قابو کرنے میں مدد کی۔
ٹرمپ کے مطابق مذکورہ شخص نے اس سے قبل کبھی طیارہ نہیں اڑایا تھا، تاہم ہنگامی صورتحال کے دوران اس نے کاک پٹ میں پہنچ کر طیارے کا کنٹرول سنبھالنے میں مدد کی۔
امریکی صدر نے بتایا کہ بعد ازاں طیارے کے پچھلے حصے میں موجود دیگر پائلٹس اور ایک سکیورٹی اہلکار کاک پٹ تک پہنچے اور انہوں نے پرواز کا کنٹرول سنبھال لیا۔
تاہم ٹرمپ نے واضح کیا کہ یہ معلومات انہیں اسرائیلی وزیراعظم نے فراہم کی ہیں اور وہ خود ان تفصیلات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کرسکتے۔
رپورٹس کے مطابق دبئی سے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں مبینہ طور پر ایک پائلٹ نے دوسرے پائلٹ پر چاقو سے حملہ کیا، جس کے بعد طیارے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔
پرواز میں 174 افراد سوار تھے، جن میں 169 اسرائیلی شہری بھی شامل تھے۔ واقعے کے بعد مبینہ حملہ آور کو سعودی حکام کی جانب سے حراست میں لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
دوسری جانب فلائی دبئی نے واقعے کے حتمی حقائق سامنے آنے تک قیاس آرائیوں سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
واقعے کی اصل نوعیت اور کوپائلٹ سے متعلق دعوے کی مزید تصدیق متعلقہ حکام کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گی۔