کراچی میں ریڈ لائن کا زیر تعمیر پل گرگیا،ایک شخص جاں بحق

پل کا ڈھانچہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں

October 1, 2026 · قومی
کراچی میں ریڈ لائن کا زیر تعمیر پل گرگیا،ایک شخص جاں بحق

کراچی میں ریڈ لائن کا زیر تعمیر پل گرگیا،ایک شخص جاں بحق

کراچی: گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب ریڈ لائن منصوبے کے زیر تعمیر پل کا ایک حصہ اچانک گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق پل کا ڈھانچہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے ممکنہ طور پر پھنسے افراد کی تلاش کے لیے سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔

ترجمان کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والا شخص موقع پر تعینات سکیورٹی گارڈ تھا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر ریسکیو ٹیموں کو واقعے سے متعلق عمارت کا ڈھانچہ گرنے کی اطلاع ملی تھی، تاہم جائے حادثہ پر پہنچنے کے بعد معلوم ہوا کہ گرنے والا ڈھانچہ کسی عمارت کا حصہ نہیں بلکہ ریڈ لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کا زیر تعمیر پل تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ موجود ہے، جس کے باعث امدادی کارروائیوں کو تیز کردیا گیا ہے۔

ریسکیو اہلکار بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹا کر ممکنہ طور پر پھنسے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے بھی تحقیقات جاری ہیں۔

حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد حادثے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان اور واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔