بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،متعدد دہشت گرد ہلاک
فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کو کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،متعدد دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ، پشاور: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانے تباہ کر دیے، جبکہ متعدد دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے سنی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کو کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
کارروائی کے بعد ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بھی سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران خوارج کے متعدد مبینہ ٹھکانوں اور زیر زمین سرنگوں کو تباہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا، جبکہ سرچ آپریشن کے دوران ملنے والے دھماکہ خیز مواد کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے ناکارہ بنا دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات بھی ہیں، تاہم ہلاکتوں کی حتمی تعداد کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
سکیورٹی فورسز کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔