بزرگ شہری معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں،مریم نواز

اپنی زندگی کے قیمتی سال محنت، تجربے اور قربانیوں میں گزار کر معاشرے اور آنے والی نسلوں کی بنیاد مضبوط کی۔

October 1, 2026 · قومی
بزرگ شہری معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں،مریم نواز

بزرگ شہری معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں،مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بزرگ شہریوں کے احترام، حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔

بزرگ افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے بزرگ شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی صحت، سلامتی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بزرگ نسلوں کے لیے تجربے اور رہنمائی کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کے قیمتی سال محنت، تجربے اور قربانیوں میں گزار کر معاشرے اور آنے والی نسلوں کی بنیاد مضبوط کی۔

مریم نواز نے کہا کہ بزرگوں کا احترام ہماری روایات اور معاشرتی اقدار کا اہم حصہ ہے، جبکہ ان کے تجربات اور زندگی کے مشاہدات نوجوان نسل کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی خدمت معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق بزرگوں کو نظر انداز کرنے کے بجائے انہیں وہ عزت اور مقام دینا چاہیے جس کے وہ مستحق ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبائی حکومت بزرگ شہریوں کے لیے قائم اولڈ ہومز کی سہولیات میں بہتری لانے کے اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اولڈ ہومز میں رہائش پذیر بعض بزرگ مرد و خواتین کو حج کی سعادت حاصل کرنے کا موقع بھی ملا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں بزرگ شہریوں کو الیکٹرک بسوں میں مفت سفر کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے بزرگوں کی عزت کریں، ان کی ضروریات کا خیال رکھیں اور ان کی خدمت کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔