عمرہ کی آڑ میں آسٹریلیا جانے کی مبینہ کوشش ناکام، نیا روٹ سامنے آگیا
مسافروں کی شناخت ندیم اقبال، شہزاد علی اور سمر شہزاد کے نام سے ہوئی، جن کا تعلق حافظ آباد اور سرگودھا سے بتایا گیا ہے۔
عمرہ کی آڑ میں آسٹریلیا جانے کی مبینہ کوشش ناکام، نیا روٹ سامنے آگیا
کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرہ کی آڑ میں مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے آسٹریلیا جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
حکام کے مطابق سعودی عرب کے عمرہ ویزوں پر سفر کرنے والے تین پاکستانی مسافروں کے مشکوک رویے پر انہیں امیگریشن کلیئرنس کے دوران روک کر مزید تفتیش کی گئی۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کی شناخت ندیم اقبال، شہزاد علی اور سمر شہزاد کے نام سے ہوئی، جن کا تعلق حافظ آباد اور سرگودھا سے بتایا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تفصیلی جانچ کے دوران مسافروں کے سفری دستاویزات اور موبائل فونز کا جائزہ لیا گیا تو ان کے پاس بحرین کے وزٹ ویزے اور جمہوریہ پالاؤ کے ویزے بھی موجود ہونے کا انکشاف ہوا۔
مسافروں نے تفتیش کے دوران مبینہ طور پر بتایا کہ ان کا منصوبہ سعودی عرب میں تقریباً تین روز قیام کے بعد بحرین اور پھر جمہوریہ پالاؤ جانے کا تھا، جہاں سے آسٹریلیا پہنچنے کی کوشش کی جانی تھی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق مسافروں نے ایک ایجنٹ نعیم مرشد کا بھی ذکر کیا، جو ملتان کا رہائشی بتایا گیا ہے۔ مسافروں کے مطابق مذکورہ ایجنٹ نے مبینہ طور پر فی مسافر 25 لاکھ روپے کے عوض ویزوں اور سفری انتظامات کا بندوبست کیا تھا۔
حکام نے واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی شروع کرنے کی بھی اطلاعات دی ہیں۔