کشمیر پر بھارتی دعوے مسئلے کی حقیقت نہیں بدل سکتے،پاکستانی نمائندہ
جموں و کشمیر ایک متنازع خطہ ہے اور اس حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں۔
کشمیر پر بھارتی دعوے مسئلے کی حقیقت نہیں بدل سکتے،پاکستانی نمائندہ(فائل فوٹو)
پاکستانی نمائندے عدیل ممتاز کھوکھر نے جنیوا میں کہا ہے کہ کشمیر سے متعلق بھارت کے دعوے مسئلے کی متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتے۔
جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عدیل ممتاز کھوکھر نے کہا کہ جموں و کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دینے کا مؤقف حقائق تبدیل نہیں کرسکتا۔ ان کے مطابق جموں و کشمیر ایک متنازع خطہ ہے اور اس حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت کی جانب سے اگست 2019 کے بعد جموں و کشمیر میں متعدد یک طرفہ اقدامات کیے گئے، جن میں قوانین میں تبدیلیاں اور حلقہ بندیوں سے متعلق اقدامات شامل ہیں۔
عدیل ممتاز کھوکھر نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کا حل کشمیری عوام کے حق خودارادیت سے متعلق اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ پاکستان اس مؤقف کو عالمی فورمز پر مسلسل پیش کرتا رہا ہے۔
پاکستانی نمائندے نے مزید دعویٰ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کیے گئے ہیں اور کہا کہ آبادیاتی یا شناخت میں تبدیلیوں کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ پر مسلمانوں کی عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانے کے الزامات بھی عائد کیے اور بھارت میں مسلم سیاسی نمائندگی سے متعلق سوالات اٹھائے۔
دوسری جانب بھارت اقوام متحدہ کے فورمز پر پاکستان کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے جموں و کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ اور ناقابل تنسیخ حصہ قرار دیتا ہے۔ بھارتی مشن نے حالیہ بیان میں پاکستان کے کشمیر سے متعلق دعووں کو مسترد کیا ہے