خیبرپختونخوا میں ڈینگی کیسز بڑھ گئے،کوہاٹ ہائی رسک قرار

ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 231 تک پہنچ گئی ہے، جن میں سے 793 کیسز صرف ستمبر کے دوران سامنے آئے۔

October 1, 2026 · قومی
خیبرپختونخوا میں ڈینگی کیسز بڑھ گئے،کوہاٹ ہائی رسک قرار

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کیسز بڑھ گئے،کوہاٹ ہائی رسک قرار

پشاور: موسم کی تبدیلی کے ساتھ خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ضلع کوہاٹ کو ڈینگی کے حوالے سے ہائی رسک قرار دے دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق کوہاٹ میں رواں سال ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 231 تک پہنچ گئی ہے، جن میں سے 793 کیسز صرف ستمبر کے دوران سامنے آئے۔

رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں رواں سال اب تک ڈینگی کے مجموعی طور پر 2 ہزار 39 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جبکہ اس وقت صوبے میں 83 ایکٹو کیسز موجود ہیں۔

ستمبر کے دوران صوبے میں ڈینگی کے ایک ہزار 190 کیسز رپورٹ ہوئے، جو رواں سال کسی ایک ماہ میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں 301، خیبر میں 101، بنوں میں 103 جبکہ ہری پور میں 57 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کیسز کی تعداد کے باعث ان اضلاع کو بھی ڈینگی کے حوالے سے ہائی رسک قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق رواں سال خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے باعث اب تک کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔