کراچی میں پولیس چیک پوسٹ پر مبینہ حملہ، اہلکاروں پر تشدد کے الزامات
حملہ آوروں نے چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، توڑ پھوڑ کی اور پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔متاثرہ پولیس اہلکار
کراچی میں پولیس چیک پوسٹ پر مبینہ حملہ، اہلکاروں پر تشدد کے الزامات
کراچی کے علاقے عوامی کالونی میں بند والی پٹی پر قائم پولیس چیک پوسٹ پر مبینہ حملے اور اہلکاروں سے بدسلوکی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ جمعرات کی شام پیش آیا۔ متاثرہ پولیس اہلکاروں نے الزام عائد کیا کہ حملہ آوروں نے چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، توڑ پھوڑ کی اور پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جب وہ پولیس اہلکاروں کو مبینہ حملہ آوروں سے چھڑانے کے لیے پہنچے تو انہیں بھی تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ اہلکاروں کے مطابق ایس ایچ او عوامی کالونی اور ہیڈ محرر بھی موقع پر پہنچے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ انہیں مطلوبہ تعاون نہیں ملا۔
اہلکاروں نے بتایا کہ مبینہ طور پر کرسیاں مار کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں اور ان کی عزت اور تحفظ بھی ضروری ہے۔
دوسری جانب پولیس حکام نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیک پوسٹ پر آکر کسی شخص کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
واقعے کے حوالے سے پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ مبینہ حملے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔