احتجاجی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کے ناشتے میں مبینہ کیڑے نکل آئے، ویڈیو وائرل
سامنے آنے والی ویڈیو میں بڑی ہانڈی میں موجود دال اور پلیٹوں میں پڑے کیڑے دکھائی دیتے ہیں۔
پولیس اہلکاروں کے ناشتے کی دال میں کیڑےنکل آئے، ویڈیو وائرل
راولپنڈی: پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب کے مختلف علاقوں سے راولپنڈی آنے والی پولیس نفری کو مبینہ طور پر غیر معیاری کھانا فراہم کیے جانے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
رپورٹ کے مطابق تھانہ واہ کینٹ کے علاقے میں ایک اسکول میں قیام پذیر پولیس اہلکاروں کو ناشتے میں دی جانے والی دال میں مبینہ طور پر کیڑے پائے گئے۔ سامنے آنے والی ویڈیو میں بڑی ہانڈی میں موجود دال اور پلیٹوں میں پڑے کیڑے دکھائی دیتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب بھر سے بلائی گئی @OfficialDPRPP کی نفری کو غیر معیاری کھانا کھلائے جانے کی وڈیو سامنے آگئی، تھانہ واہ کینٹ کے علاقے میں واقعہ ایک اسکول میں ٹھہرائی گئی نفری کے ناشتے میں کیڑے نکل آئے، ناشتے میں دی گئی دال میں کیڑے دیکھ کر پولیس اہلکار چونک… pic.twitter.com/F99MBIKhGH
— Shabbir Dar (@ShabbirDar5) October 2, 2026
ویڈیو بنانے والے پولیس اہلکاروں کو ناشتے میں موجود کھانے کا جائزہ لیتے اور اس پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہے۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ بعض صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کرکے ذمہ دار افراد کا تعین کیا جائے۔
دستیاب رپورٹ کے مطابق تاحال پنجاب پولیس یا متعلقہ حکام کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، اس لیے ویڈیو میں دکھائی گئی صورتحال کی سرکاری سطح پر آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔