الیکشن کمیشن نے پنجاب بلدیاتی انتخابات کا مجوزہ شیڈول جاری کردیا

امیدوار 27 سے 30 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ 2 سے 5 نومبر تک جاری رہے گا۔

October 2, 2026 · قومی
الیکشن کمیشن نے پنجاب بلدیاتی انتخابات کا مجوزہ شیڈول جاری کردیا

الیکشن کمیشن نے پنجاب بلدیاتی انتخابات کا مجوزہ شیڈول جاری کردیا

لاہور: الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے 14 دسمبر 2026 کی تاریخ تجویز کردی ہے اور اس حوالے سے مجوزہ انتخابی شیڈول چیف سیکرٹری پنجاب کو ارسال کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مجوزہ شیڈول کے مطابق امیدوار 27 سے 30 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ 2 سے 5 نومبر تک جاری رہے گا۔

شیڈول کے تحت امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 7 سے 11 نومبر تک دائر کی جا سکیں گی۔ انتخابی ٹربیونلز 12 سے 16 نومبر تک اپیلوں پر فیصلے کریں گے۔

امیدوار 18 نومبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، جس کے بعد 19 نومبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ انتخابی نشانات 20 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔

مجوزہ پروگرام کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 14 دسمبر کو ہوگی، جبکہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے انتخابی نتائج کا اعلان 17 دسمبر تک کیا جائے گا۔

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات گزشتہ کئی برس سے تاخیر کا شکار رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے رواں سال بھی صوبائی حکومت کے ساتھ انتخابی تاریخ اور انتظامات کے حوالے سے مشاورت کی ہے۔