نماز جمعہ میں حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا
مذاکرات قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس کے اسپیکر چیمبر میں جاری ہیں
نماز جمعہ میں حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا
اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات نماز جمعہ کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوگئے ہیں، جبکہ پارلیمنٹ کی مسجد میں مذاکرات کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔
مذاکرات قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس کے اسپیکر چیمبر میں جاری ہیں۔ نماز جمعہ کے دوران پارلیمنٹ کی مسجد کے امام نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات میں پیش رفت اور کامیابی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔
اس موقع پر صحافی نے اپوزیشن مذاکراتی ٹیم کے رکن علامہ ناصر عباس سے سوال کیا کہ کیا امام مسجد نے بھی مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعا کرائی ہے؟ اس پر علامہ ناصر عباس نے کہا کہ صرف امام ہی نہیں بلکہ صحافی اور پوری قوم بھی دعا کرے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات کامیاب ہوں۔
حکومتی مذاکراتی وفد میں طلال چوہدری، محسن نقوی، شیری رحمٰن، رانا ثناء اللہ اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری شریک ہیں، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے علامہ ناصر عباس، بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، عامر ڈوگر اور سلمان اکرم راجہ مذاکرات میں حصہ لے رہے ہیں۔
مذاکرات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی اختلافات اور دیگر اہم معاملات پر بات چیت جاری ہے۔ فریقین کی جانب سے مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔