صومالی قزاقوں سے 4 پاکستانی بازیاب، کل کراچی پہنچیں گے، اسحاق ڈار

صومالیہ میں پیش آنے والے واقعے میں جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانیوں کے جسد خاکی بھی پاکستان لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

October 2, 2026 · قومی
صومالی قزاقوں سے 4 پاکستانی بازیاب، کل کراچی پہنچیں گے، اسحاق ڈار

صومالی قزاقوں سے 4 پاکستانی بازیاب، کل کراچی پہنچیں گے، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ صومالیہ میں قزاقوں کے قبضے میں موجود 4 پاکستانی شہریوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے، جو کل وطن واپس پہنچیں گے۔

اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ بازیاب ہونے والے پاکستانی شہری یاسر خان، عقیل خان، امین بن شمس اور عثمانی غنی کل کراچی پہنچیں گے۔

نائب وزیراعظم کے مطابق جبوتی میں پاکستانی سفارتخانہ پاکستانی شہریوں کی رہائی اور انہیں وطن واپس لانے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے، جبکہ صومالیہ میں پیش آنے والے واقعے میں جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانیوں کے جسد خاکی بھی پاکستان لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے اہل خانہ کے غم میں حکومت برابر کی شریک ہے۔ ان کے مطابق مزید پاکستانی شہریوں کی محفوظ واپسی کے لیے دوست ممالک سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران علی، یاسین محمد اور سید یوسف حسین جہاز کے کپتان کے ہمراہ موجود تھے اور ان کی بحفاظت واپسی کے لیے وزارت خارجہ اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت خارجہ تمام پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے سرگرم ہے۔

دوسری جانب صومالی حکومت نے پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے جسد خاکی پاکستان منتقل کرنے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس سے قبل صومالی میری ٹائم پولیس نے آئل ٹینکر ’آنر 25‘ کو قزاقوں کے قبضے سے چھڑانے کے لیے کارروائی کی تھی۔ حکام کے مطابق آپریشن کے دوران قزاقوں کی فائرنگ سے 3 پاکستانی، ایک بھارتی اور میانمار کا ایک شہری جاں بحق ہوا، جبکہ 4 پاکستانی زخمی بھی ہوئے۔

صومالی حکام کے مطابق پنٹ لینڈ کے علاقے میں آئل ٹینکر ’آنر 25‘ کے عملے کے 5 ارکان قزاقوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 9 قزاقوں کو گرفتار کرلیا۔