بھارتی BSF کی فائرنگ سے دو نہتے پاکستانی شہری جاں بحق،ایک زخمی

قصور بارڈر کے قریب تین پاکستانی شہریوں کو بغیر وارننگ مبینہ طور پر نشانہ بنایا گیا

October 2, 2026 · قومی

قصور بارڈر کے قریب بھارتی BSF کی مبینہ فائرنگ، دو نہتے پاکستانی شہری جاں بحق، ایک زخمی ۔فائل فوٹو

بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز (BSF) کی جانب سے پاک بھارت بین الاقوامی سرحد، قصور کے قریب تین پاکستانی شہریوں پر مبینہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے تین مقامی پاکستانی شہری بارڈر پلر سے چند قدم آگے بڑھے تو BSF فورسز نے انہیں بغیر وارننگ مبینہ طور پر نشانہ بنایا۔

بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو شہری جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تینوں شہری نہتے تھے۔

جاں بحق ہونے والوں میں عظمت رسول ولد عطااللہ اور محسن جٹ شامل ہیں، دونوں کا تعلق جٹاں والی حویلی، لدھڑ سے ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تینوں افراد میں سے کسی نے بھی بارڈر فینس عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے معصوم شہریوں کو درانداز قرار دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شہریوں پر فائرنگ کا واقعہ بارڈر معاہدے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی ہے۔