پب جی ٹاسک پر مبینہ بینک ڈکیتی، ملزم گھر میں گیم کھیلتے ہوئے گرفتار

واقعہ جمعہ کی صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے پیش آیا۔ ماسک پہنے نوجوان نے بینک کے سکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنایا اور کیش کاؤنٹر سے تقریباً 7 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگیا

October 3, 2026 · قومی
پب جی ٹاسک پر مبینہ بینک ڈکیتی، ملزم گھر میں گیم کھیلتے ہوئے گرفتار

پب جی ٹاسک پر مبینہ بینک ڈکیتی، ملزم گھر میں گیم کھیلتے ہوئے گرفتار

لاہور کے علاقے بھٹہ چوک کے قریب ایک نجی بینک میں مبینہ ڈکیتی کے الزام میں نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے پب جی گیم میں ملنے والے مبینہ بینک ڈکیتی کے ٹاسک کے تحت واردات کی۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق واقعہ جمعہ کی صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ماسک پہنے نوجوان نے بینک کے سکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنایا اور کیش کاؤنٹر سے تقریباً 7 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوری واردات تقریباً 9 منٹ میں مکمل کی گئی۔

سیف سٹی اور نجی کیمروں کی مدد سے پولیس نے مبینہ ملزم کا سراغ لگایا۔ پولیس کے مطابق وہ بینک سے کچھ ہی فاصلے پر واقع اپنے گھر میں موجود تھا۔ پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا، جہاں مبینہ طور پر وہ لوٹی گئی رقم اور اسلحہ سامنے رکھ کر دوبارہ پب جی کھیل رہا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم برطانوی شہری ہے اور 16 ستمبر کو برطانیہ سے پاکستان آیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کا پہلے کوئی مجرمانہ ریکارڈ سامنے نہیں آیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق خاندان سے مالی مدد نہ ملنے اور مالی مشکلات کے باعث اس نے مبینہ طور پر واردات کا راستہ اختیار کیا۔

پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کی آن لائن سرگرمیوں اور کھیلوں پر نظر رکھیں اور انہیں ایسی گیمز سے دور رکھیں جن کے بارے میں پولیس کا خیال ہے کہ ان میں حد سے زیادہ مشغولیت منفی اثرات کا باعث بن سکتی ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔