مونال کیس،وفاقی آئینی عدالت کا تفصیلی فیصلہ جاری
سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی نظرثانی درخواستیں منظور کرلی ہیں
مونال کیس،وفاقی آئینی عدالت کا تفصیلی فیصلہ جاری(فائل فوٹو)
وفاقی آئینی عدالت نے مونال کیس سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی نظرثانی درخواستیں منظور کرلی ہیں۔
تحریری فیصلے کے مطابق عدالت نے سپریم کورٹ کے 21 اگست 2024 کے فیصلے کو مقررہ حدود تک کالعدم قرار دے دیا۔ فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے اس معاملے پر جاری سابقہ نظرثانی کا فیصلہ بھی برقرار نہیں رہ سکتا۔
وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ مونال کیس میں عدالتی اختیار کی حدود سے تجاوز کے باعث سنگین ناانصافی ہوئی۔ فیصلے کے مطابق متاثرہ فریقوں کو مؤثر طور پر سنے بغیر ان کے حقوق سے متعلق فیصلہ کیا گیا۔
تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اعلیٰ ترین عدالت کا فیصلہ صرف اس بنیاد پر برقرار نہیں رکھا جاسکتا کہ وہ حتمی ہے، خصوصاً ایسی صورت میں جب متاثرہ افراد کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مناسب موقع نہ دیا گیا ہو۔
عدالت نے قرار دیا کہ متعلقہ حالات کے پیش نظر سپریم کورٹ کو مونال کیس کی سماعت سے گریز کرنا چاہیے تھا۔