پنجاب میں سی ٹی ڈی کی کارروائی،13دہشت گرد گرفتار
گرفتار افراد سے دھماکہ خیز مواد، ایک دستی بم، 3 آئی ای ڈی بم، 12 ڈیٹونیٹرز اور 35 فٹ فیوز وائر برآمد ہوئی۔
پنجاب میں سی ٹی ڈی کی کارروائی،13دہشت گرد گرفتار(فائل فوٹو)
پنجاب میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے 13 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق صوبے میں 98 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران گرفتار افراد سے دھماکہ خیز مواد، ایک دستی بم، 3 آئی ای ڈی بم، 12 ڈیٹونیٹرز اور 35 فٹ فیوز وائر برآمد ہوئی۔
ترجمان کے مطابق پاکپتن سے مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی را سے وابستہ ایک خطرناک دہشت گرد واجد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ دیگر گرفتار افراد کی شناخت عثمان، نعیم، عبدالمنان، اسامہ، حسن اور بابر سمیت دیگر کے ناموں سے کی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف 13 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ رواں ہفتے پنجاب بھر میں 1595 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 55 ہزار 416 افراد کی جانچ پڑتال کی گئی اور 52 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ محفوظ پنجاب کے ہدف کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔