30 جولائی کو پیش آنے والے کوئلہ کان حادثے کی تحقیقات میں اہم انکشاف

حادثہ میتھین گیس کے اخراج کے باعث نہیں بلکہ کان میں مزدوروں کی جانب سے بارودی مواد کے استعمال سے پیش آیا۔

October 3, 2026 · قومی
30 جولائی کو پیش آنے والے کوئلہ کان حادثے کی تحقیقات میں اہم انکشاف( فائل فوٹو)

30 جولائی کو پیش آنے والے کوئلہ کان حادثے کی تحقیقات میں اہم انکشاف( فائل فوٹو)

کوئٹہ: کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں 30 جولائی کو پیش آنے والے کوئلہ کان حادثے کی تحقیقات میں اہم انکشاف سامنے آیا ہے، حادثہ میتھین گیس کے اخراج کے باعث نہیں بلکہ کان میں مزدوروں کی جانب سے بارودی مواد کے استعمال سے پیش آیا۔

وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کی تحقیقات کے مطابق حادثے کی وجہ بارودی مواد کا غیر قانونی استعمال قرار دیا گیا ہے۔ حادثے سے متعلق عدالتی تحقیقات اور محکمانہ انکوائری میں بھی یہی وجہ سامنے آئی ہے۔

انکوائری کمیٹی نے واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے کان کے مالکان، انتظامیہ اور پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے متعلقہ حکام کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کی ہے۔

یاد رہے کہ 30 جولائی کو سورینج کی کوئلہ کان میں پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں 34 کان کن شہید ہوئے تھے۔